ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مہاراشٹر سیاسی بحران:پرفل پٹیل اور سنیل تاٹکرے کو این سی پی سے نکالا گیا ، اجیت پوار نے نئی ٹیم بنائی، تاٹکرے مہاراشٹر کے ریاستی صدر بنے

مہاراشٹر سیاسی بحران:پرفل پٹیل اور سنیل تاٹکرے کو این سی پی سے نکالا گیا ، اجیت پوار نے نئی ٹیم بنائی، تاٹکرے مہاراشٹر کے ریاستی صدر بنے

Tue, 04 Jul 2023 10:52:30    S.O. News Service

ممبئی، 4/جولائی(ایس او نیوز/ایجنسی)مہاراشٹر میں سیاسی ہلچل ایک بار پھر تیزی کے ساتھ بڑھتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔پیرکے روزشرد پوار نے سخت کارروائی کرتے ہوئے ایم پی پرفل پٹیل اور سنیل تاٹکرے کو پارٹی سے نکال دیا ہے۔ ان کی بیٹی اور ایم پی سپریہ سولے نے آج شرد پوار کو خط لکھا تھا کہ ان دونوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ اس اعلان کے فوراً بعد اجیت پوار نے این سی پی کی ایک نئی ٹیم بھی بنائی۔ انہوں نے ایم پی سنیل تاٹکرے کو مہاراشٹر کا ریاستی صدر بنایا ہے۔ انیل پاٹل کو وہپ کی ذمہ داری دی گئی ہے۔اس سے پہلے شرد پوار کی زیرقیادت این سی پی نے اجیت پوار کے ساتھ آنے والے تمام ایم ایل ایز کو نااہل قرار دینے کی قرارداد پاس کی۔اجیت پوار کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کیلئے گئے 3 لیڈروں کو بھی پارٹی سے نکال دیا گیا۔ ان میں پارٹی کے علاقائی جنرل سکریٹری شیواجی را گرجے، اکولا شہر کے ضلع صدر وجے دیشمکھ اور ممبئی ڈویژن کے ورکنگ صدر نریندر رانے شامل ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز این سی پی سے بغاوت کر کے اجیت پوار کے ساتھ پرفل پٹیل اور سنیل تاٹکرے نے بھی ایکناتھ شنڈے-بی جے پی حکومت کے ساتھ ہاتھ ملا لیا تھا۔ اس واقعہ کے بعد این سی پی چیف شرد پوار بہت ناراض ہیں اور بی جے پی کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ غیر ذمہ دار پارٹی لیڈروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔این سی پی میں بغاوت کے درمیان شرد پوار پیر کو گرو پورنیما کے دن ستارہ کے کراڈ میں اپنے سرپرست سابق وزیر اعلیٰ یشونت را چوان کی سمادھی پر پہنچے اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

ستارہ میں منعقد ریلی میں شرد پوار نے کہا کہ بی جے پی ملک بھر میں منتخب حکومتوں کو گرا رہی ہے۔ مہاراشٹر میں بھی ایسا ہی ہوا ہے۔ مہاراشٹر کے لوگوں کو متحد ہو کر اپنی طاقت دکھانی ہوگی۔مہاراشٹر میں ذات پات کی سیاست نہیں چلے گی۔ ہمارے کچھ لوگ بی جے پی کا شکار ہو گئے۔ بزرگوں کے آشیرواد سے ہم نئے سرے سے آغاز کریں گے۔ ہم نے 5 جولائی کو تمام پارٹی رہنماؤں کی میٹنگ بلائی ہے۔ اجلاس میں تمام رہنما حلف نامہ لے کر آئیں۔وہاں (اجیت پوار)کیمپ کے بہت سے لوگوں نے مجھے فون کیا اور کہا کہ ان کا نظریہ این سی پی سے مختلف نہیں ہے اور وہ آئندہ چند دنوں میں حتمی فیصلہ لیں گے۔ ہماری تنظیم ریاست میں مضبوط ہے۔اجیت کا فیصلہ ان کا ذاتی ہے۔ اس کی باتوں کی کوئی اہمیت نہیں۔ ہم عوامی جدوجہد کریں گے۔ پارٹی کو دوبارہ کھڑا کریں گے۔ عوام کی حمایت ہمارے ساتھ ہے۔ عوام کی محبت برقرار رہے تو ساری تصویر بدل جائے گی۔


Share: